Aham Khabrain
Har Khabr - Bar Waqt

نواز شریف کو سی پیک کی سزا دی گئی ہے،مشاہد اللہ خان

53

کراچی(اہم خبریں آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری اطلاعات اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو سی پیک کی سزا دی گئی ہے.

پانامہ ایک سازش تھی، عمران خان کی شادی ان کا ذاتی مسئلہ ہے تاہم کسی کے گھر میں گھس کر ایسا کام نہیں ہونا چاہئیے تھا۔

ان خیالات کااظہار انہوں پیر کے روز کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ دو ہزار تیرہ میں جب ہماری حکومت آئی اس وقت سے نواز شریف کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی رہیں، چین کے صدر کا دورہ تک ملتوی کرایا گیا۔

کرپشن اور دہشت گردی عروج پر تھی، کراچی میں ایک ایک دن میں حکمرانوں کے ہاتھوں سو سو لوگ مارے جاتے تھے.

بھتہ خوری سے لے کر ٹارگٹ کلنگ یہاں عروج پر تھی جس کا ہم نے خاتمہ کیا۔


نواز شریف اور مریم نواز احتساب عدالت میں پیش


انہوں نے کہا کہ اگر یہ لوگ دھرنے نہ دیتے تو ملک مزید ترقی کرتا.

کراچی کا کے فور منصوبہ آج مکمل ہو چکا ہوتا، کراچی کے ساتھ ظلم کا واویلا کرنے والوں نے خود اس شہر کے ساتھ ظلم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بنیادی مسائل ہم نے حل کرلئے ہیں بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ پر قابو پالیا ہے جہاں حکومت نہیں تھی وہاں بھی مسائل کو حل کیا۔

انہوں نے آصف زرداری کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے وزیروں کے گھروں سے اربوں روپے ملیں گے اور کروڑوں روپے کو آگ لگے گی تو لوگ کرپشن کرپشن تو بولیں گے۔

 

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.